بنگلورو 8/ نومبر (ایس او نیوز) کل منگل کو بھٹکل اور شمالی کینرا کے ساتھ ساتھ پڑوسی اضلاع اُڈپی، دکشن کنڑا سمیت کرناٹکا کے 13 اضلاع میں بھاری برسات ہونے کی پیشین گوئی کی گئی ہے اور محکمہ موسیمات (انڈین میٹیرولوجیکل ڈپارٹمنٹ) نے ان تمام اضلاع میں ایلو الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب کی خلیج بنگال میں ہوا کا دباو کم ہونے کے بعد یہ الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ بنگلورو اور بھٹکل سمیت ریاست کے کچھ علاقوں میں آج پیر کے دن سے وقفہ وقفہ سے برسات شروع ہوگئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بنگلورو سٹی، بنگلورو رورل، چامراج نگر، چکبالا پور، چترادرگہ ، ہاسن ، کوڈاگو، میسورو، منڈیا، رام نگر اور شیموگہ میں آئندہ 48 گھنٹوں تک بھاری برسات ہوگی ۔ جنوبی کینرا، اڈپی اور شمالی کینرا کے علاوہ اندرونی شمالی کرناٹکا میں بھی تھوڑے تھوڑے وقفہ سے اوسط مقدار میں بارش ہوگی ۔
بتاتے چلیں کہ محکمہ موسمیات نے مورخہ 10 اور 11 نومبر کو تمل ناڈو اور آندھرا پردیش کے بعض حصوں میں بھی بھاری بارش کی پیشن گوئی کی ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال ہونے کا بھی انتباہ دیا ہے۔